ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی حکومت 2کا پہلا سال۔ بدحال معیشت،بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مسلمانوں کو خوفزدہ کرنے کا گواہ بنا

مودی حکومت 2کا پہلا سال۔ بدحال معیشت،بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مسلمانوں کو خوفزدہ کرنے کا گواہ بنا

Sun, 31 May 2020 11:24:09    S.O. News Service

نئی دہلی،31؍مئی(ایس او نیوز؍ایجنسی)کورونا کا قہر،بگڑتی ہوئی معیشت،عام ہوتی بھکمری، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اورسی اے اے،این پی آر،این آرسی کے خلاف پورے ملک میں ہوئے مظاہرے اور مزدوروں کی بدحالی سے حکومتوں کی چشم پوشی کے دوران30؍مئی کو امید کی جارہی تھی کہ مودی حکومت ملک کی حقیقی ترقی اور130کروڑ ہندوستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اہم بات یا تاریخی اعلان کرسکتی ہے لیکن قوم کے نام اپنے خط میں انہوں نے صرف اپنی حکومت2 کی ایک سال کی ناقص کارکردگی کو کامیاب بتاتے ہوئے واہ واہی پیش کرکے ہندوستانیوں کے دل و دماغ کو ایک بار پھرغلط سمت کی طرف موڑنے کی کوشش کی ہے-جس کا تعاقب ملک کی اپوزیشن پارٹیوں نے زبردست طریقہ سے کیا-ملک کاہر ذی شعور شہری اس بات سے واقف ہے کہ مودی حکومت2کا ایک سال فسادات،احتجاجات اور ایک طبقہ کے خلاف پورے ملک میں نفرت پھیلانے کا بازار لگانے کا رہا،جس کی وجہ سے عالم اسلام میں تاریخ میں پہلی بار ہندوستان کی شبیہ بہت زیادہ مجروح ہوئی اور یہ دھمکی بھی دے دی گئی کہ اگر مسلمانوں کے خلاف اس طرزعمل کو ہندوستانی حکومت نے نہیں روکا تو دبئی،کویت اور دیگر اسلامی ممالک سے تمام ہندوستانیوں کو نکال باہر کردیاجائے گا- ایسے وقت میں جب کہ ہندوستان سمیت پوری دنیا کورونا کے قہر کا شکار ہے-مودی کا اپنی حکومت کی تعریف کرنا اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش ہے-

کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ مودی حکومت کے6 سال کی میعادکار میں ملک کو صرف سبز باغ دکھائے گئے اور مٹھی بھر امیروں کی تجوری بھر کر غریبوں کا استحصال کیا گیا، لوگ بے بسی سے دیکھتے رہے اور حکومت بے رحمانہ طریقے سے کام کرتی رہی- کانگریس کے سکریٹری جنرل کے سی وینوگوپال اور میڈیا انچارج رندیپ سرجے والا نے جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کی کانفرنس میں مودی حکومت کے6سال کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے کم از کم اڈمنسٹریشن اور زیادہ سے زیادہ گورننس کا دعویٰ کیا تھا لیکن وہ اس کے ٹھیک برعکس ثابت ہوئی ہے جس میں ملک کے عوام پوری طرح سے بے بس اور حکومت بے رحم بنی رہی-انہوں نے کہا کہ اس دوران دنیا نے مودی کے ذریعہ لائے گئے انسانی ٹریجڈی اور بغیر سوچے سمجھے لگائے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگوں کی حالت دیکھی ہے- مودی حکومت نے انسانی ٹریجڈی کو پہلے نوٹ بندی کے طور پر پیش کیا جب اس کے فیصلے سے بینکوں کی لائنوں میں کھرے رہتے ہوئے کئی لوگ موت کی آغوش میں پہنچ گئے اور پھر ادھورے طریقے سے جی ایس ٹی کے نفاذ سے ملک کی معیشت کو تباہ کیا گیا-

کانگریس لیڈروں نے کہا کہ مودی حکومت کا سب سے ظالمانہ روپ کورونا وبا روکنے کے لئے نفاذ لاک ڈاؤن کے طور پر دیکھنے کو ملا جب روزی روٹی چھن جانے کی وجہ سے ہزاروں لوگ سڑکوں پر پیدل چلتے رہے اور بھوکے پیاسے اپنے گھروں کی طرف نکلنے لگے- یہ ٹریجڈی لاک ڈاؤن کی ابتدا سے ہی دیکھنے کو ملی ہے اور اب تک یہ منظر روزانہ دیکھنے کو مل رہے ہیں -سرجے والا نے الزام لگایا کہ مودی حکومت کا2019 کا سال مایوس کن اور بدانتظامی سے پر تھا اور عوام کے لئے تکلیف سے بھرا رہا- اس حکومت نے چھ سال میں بھٹکانے کی سیاست کی اور جھوٹے شورو شرابے کے ساتھ حکومت کی، جس کی وجہ سے ملک کی معیشت ڈگمگا رہی ہے، صنعتیں بند ہیں اور میک ان انڈیا ٹھپ ہے لیکن بے بس لوگوں پر مودی حکومت بے رحم بن کر کام کر رہی ہے-کانگریس لیڈروں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو ملک کے عوام کی فکر ہے اس لئے وہ حکومت کو مفاد عامہ میں کئی طرح کے مشورے بھی دیتی رہی- کانگریس ہرمسئلہ پر اس حکومت کو اپنے مشورے دے رہی ہے تاکہ بہتر طریقے سے ملک کے عوام کی خدمت کی جاسکے- لیکن حکومت ان مشوروں کے سلسلے میں غیرحساس بنی رہی- اس حکومت نے اس دوران نہ صرف اپوزیشن کے مشوروں کو نظرانداز کیا ہے بلکہ وہ آئینی اداروں کو بھی نظرانداز کرتی رہی ہے اور ان کو مسلسل کچلنے کا کام کیا گیا ہے-انہوں نے کہا کہ اس حکومت کی کوئی پالیسی نہیں ہے اس لئے ترقی گزشتہ چھ برسوں کے دوران مذاق بن کر رہ گئی ہے- اس دوران ملک میں بے روزگاری عروج پر پہنچ گئی ہے اور بے روزگاری45 برس کی اس مدت میں سب سے زیادہ درج کی گئی- سرجے والا نے کہا کہ چھوٹے، مائیکرو اور متوسط درجے کی صنعتیں برباد ہوگئی ہیں، جی ڈی پی یعنی مجموعی گھریلو پیداوار کی شرح مسلسل کم ہو رہی ہے، معیشت برباد ہوگئی ہے اور معاشی بحران میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے لیکن وزیراعظم نریندر مودی ان منفی حالات میں بھی خود انحصاری کی بات کر رہے ہیں -مودی حکومت کی ان6 برسوں کی کامیابیوں پر انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران صرف لوگوں کو بہکانے کی کوشش کی گئی ہے اور لوٹ کھسوٹ ہوتی رہے- بینکوں سے چھ لاکھ66 ہزار کروڑ روپے کی گھپلہ بازی کی گئی اور روپئے مسلسل کمزور ہو رہا ہے- کورونا سے نمٹنے کے لئے حکومت نے بیس لاکھ کروڑ روپے کی معاشی امداد دینے کا اعلان کیا لیکن وہ بھی جملہ ہی ثابت ہوا ہے- اس کا ’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘ کا نعرہ صرف بی جے پی کا وکاس بن کر رہ گیا ہے- اس دوران کانگریس لیڈروں نے مودی حکومت کے میعاد کار پرایک کتاب ’بے بس سرکار بے بس لوگ‘ کا اجراء کیا جس میں اس کی ناکامیابیوں کا ذکر کیا گیا ہے-


Share: